متھرا: متھرا ضلع کے سوریر تھانہ علاقے کے تحت یمنا ایکسپریس وے پر اتوار کی دیر دہلی سے بہار جانے والی ایک تیز رفتار بس الٹ گئی۔ بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ بس میں سوار 22 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقے کی پولیس اور یمنا ایکسپریس وے پر تعینات سیکورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا، جب کہ پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لیا ہے۔
متھرا کے ضلع مجسٹریٹ پلکیت کھرے نے کہا کہ مرنے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ شدید زخمی مسافروں کو آگرہ ایس این میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا ہے۔ شدید زخمی دس سالہ ارون 25 سالہ شیواجی راؤ، 21 سالہ وریندر رام، 55 سالہ لیلاوتی، رام چندر، آدتیہ کمار (6 سالہ) کو آگرہ ریفر کیا گیا۔ متھر سڑک حادثے کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ بس ڈرائیور شراب کے نشے میں تھا، جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو گئی اور یمنا ایکسپریس وے پر الٹ گئی۔ زخمیوں کی حالت دیکھ کر محکمہ صحت نے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔