غازی آباد:ریاست اترپردیش کے ضلع غازی آباد کے جھگی جھونپڑی والے علاقہ میں گزشتہ شب زبردست آگ لگ گئی۔ آتشزدگی کے اس واقعہ میں درجنوں جھونپڑیاں خاکستر ہوگئیں۔ اس حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ صبح تک آگ پر قابو پایا جا سکا۔
معاملہ غازی آباد کے ٹیلا موڈ تھانے کے علاقے بھوپورہ کے قریب ڈیفنس کالونی کا ہے۔ جہاں کچھ جھگی جھونپڑی پر مشتمل علاقہ آباد ہے، اس علاقے میں ہفتہ کی رات آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر آگ زیادہ بھیانک نہیں لگ لیکن آہستہ آہستہ آگ کے شعلے بڑھتے گئے اور دیگر جھونپڑیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ آگ کی اطلاع ملنے پر فائر انجن موقع پر پہنچا اور رات بھر آگ پر قابو پانے کا کام جاری رہا، فی الحال مقامی پولیس موقع پر موجود ہے۔