نوئیڈا:ملک کی دوسری ریاستوں کی اترپردیش میں بھی کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔حکومت کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اسی درمیان انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے ضلعی محکمہ صحت نے ہدایات جاری کرتے ہوئے ہر جگہ ماسک لگانا ضروری قرار دیا ہے۔ پہلے صرف سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں ماسک پہننا ضروری تھا۔ نزلہ، زکام، بخار یا فلو کی علامات ظاہر ہونے پر مریض کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے لئے بھی کووڈ پروٹوکول کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ماسک کے بغیر داخلہ ممنوع ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی فیور ہیلپ ڈیسک اور کووڈ ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ ہسپتالوں کے رجسٹریشن کاؤنٹرز اور میڈیسن کاؤنٹرز پر قطاروں میں کھڑے ہونے کی ہدایات دی گئی ہیں، جسمانی فاصلے کی پاسداری کرتے ہوئے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ماسک اور جسمانی فاصلہ کی لازمی پابندی کی ہدایات دی گئی ہیں۔