اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے میرج ہال مالکان کورونا کی نئی گائیڈ لائن جاری ہونے کے بعد سے ہی پریشان ہیں کیونکہ اب شادی میں صرف 100 لوگوں کو ہی شرکت کی اجازت ہوگی۔ فی الحال شادی کا سیزن چل رہا ہے، جس میں ہر دن میرج ہال کی بکنگ ہوتی ہے لیکن نئی گائیڈ لائن سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔
میرج ہال مالکان کورونا کی نئی گائیڈ لائن سے پریشان ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران اسٹار پیلس کے ذمہ دار نصیب علی نے بتایا کہ ہم لوگ پہلے سے ہی حکومت کی جانب سے گائیڈ لائن پر عمل کر رہے تھے لیکن سیزن کے دوران اس طرح کی گائیڈ لائن جاری ہونے سے ہمیں مایوسی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب 100 لوگوں کے لئے کوئی بھی میرج ہال کی بکنگ نہیں کرے گا بلکہ وہ لوگ اپنے گھروں میں یا آس پاس کے میدان میں شادی کی تقریب کر لیں گے۔ میرج ہال میں اس لئے بکنگ کروائی جاتی ہے تاکہ بڑی تعداد میں مہمان شامل ہو سکیں۔
اسٹار پیلس کے ذمہ دار نصیب علی نصیب علی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی گائیڈ لائن میں 100 لوگوں کے شرکت کی اجازت دی گئی ہے، جسے بڑھا کر 200 کر دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 14 دسمبر تک لگن رہے گی لیکن اس کے پہلے ہی گائیڈ لائن جاری ہونے سے ہم لوگ بہت پریشان ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ابھی تک 100 لوگوں میں بینڈ باجا اور دوسرے کام کرنے والے بھی شامل تھے لیکن وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واضح طور پر اعلان کر دیا ہے کہ پولیس یا ضلع انتظامیہ کسی کو بینڈ باجا اور دوسرے کام کرنے والوں کی بنیاد پر پریشان نہ کریں ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔ وزیر اعلی کے اس قدم سے میرج ہال میں بکنگ بڑھتی ہے یا نہیں، فی الحال مالکان پریشان ہیں۔