ریاست اترپردیش میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر حکومت نے اب لاک ڈاؤن میں 10 مئی 2021 تک کی توسیع کر دی ہے۔ ایسی صورتحال میں اتر پردیش حکومت کے چیف سیکریٹری اونیش اوستھی نے حکم جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کن کن خدمات میں رعایت حاصل ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے سخت انتباہ بھی کیا ہے کہ اگر کوئی بھی شخص یا دکاندار یا ادارہ لاک ڈاؤن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا،تو ان کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دفعہ 51 سے 60 کی دفعہ 188 کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔
لیکن تمام تر انتباہ کے باوجود نوئیڈا کے سیکٹروں کے اندرونی بازاروں میں عام دنوں کی طرح ہی چہل پہل برقرار ہے۔ یہاں کسی بھی وارننگ کا کوئی بھی اثر نہیں دیکھنے کو ملا ہے۔ سیکٹر 5 کے ہرولہ مارکیٹ کے اندر دکانیں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باوجود بھی کھلی ہیں اور لوگ بھی سوشل ڈیسٹینسنگ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔