کشمیر کے پلوامہ میں 14 فروری 2019 کو عسکریت پسندوں کے مبینہ حملہ میں ملک کے 40 فوجی شہید ہوگئے تھے۔ اتوار 14 فروری کو ملک بھر میں وطن کے جوانوں کو یاد کیا گیا اور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اسی ضمن میں ریاست اتر پردیش کے ضلع مئو میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی۔
مئو: پلوامہ حملہ میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت - کاشتکاروں
پلوامہ حملے میں اپنی جان گنوانے والے جوانوں کو یاد کرتے ہوئے مئو میں کینڈل مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ گھوسی کے کریم الدین پور تراہے سے شروع ہوا جلوس گاندھی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔ یہاں پہنچ کر مارچ میں شرکت کرنے والے افراد نے مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گل پوشی کی۔
پروگرام کے دوران سرحد پر ملک کی حفاظت کررہے جوانوں کی شان میں اشعار بھی پیش کئے گئے۔ اس موقع پر اترپردیش کسان سبھا کے کارکنوں نے دہلی کی سرحد پر مظاہرہ کررہے کاشتکاروں کے حق میں زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ کسان سبھا نے وزیراعظم نریندر مودی سے کاشتکاروں کے مطالبات پر نرم رخ اختیار کرنے کی اپیل کی۔
کینڈل مارچ کے اختتام پر حاضرین نے حب الوطنی پر مبنی نعرے بلند کئے۔ اس دوران سماجی کارکنوں نے نوجوانوں کو موبائل کی دنیا سے باہر نکل کر ملک وقوم کی بقاء کے لئے وقت دینے کی صلاح دی۔ کسان سبھا کے ساتھ ساتھ دیگر سماجی تنظیموں کے کارکنوں نے بھی کینڈل مارچ میں شرکت کی۔