اترپردیش: ہاپوڑ ضلع میں کیمیکل فیکٹری میں زبردست آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ یہاں بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ بوائلر کے پھٹنے سے لگی۔ آگ لگنے سے فیکٹری میں کئی مزدوروں کے پھنس جانے کی اطلاع ہے۔ فائر بریگیڈ کی نصف درجن گاڑیاں موقع پر موجود ہیں۔ اس واقعہ میں آٹھ ملازمین کی موت کی اطلاع ہے، جب کہ ایک درجن سے زائد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ واقعہ دھولانہ تھانہ علاقے کا ہے۔Fire breaks out at chemical factory in Hapur
اس حادثے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'اتر پردیش کے ہاپوڑ کی کیمیکل فیکٹری میں پیش آیا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ میں ان لوگوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس میں اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ ریاستی حکومت زخمیوں کے علاج اور ہر ممکن مدد کے لیے سرگرم عمل ہے۔'
وہیں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق افسران کو موقع پر پہنچنے اور زخمیوں کا مناسب علاج کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ میرٹھ کے آئی جی پروین کمار اور ہاپوڑ ڈی ایم سمیت کئی اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 20 سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔