نوئیڈا :ریاست اتر پردیش کے ضلع نوئیڈا کے سیکٹر18 میں عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے منی پور میں جاری تشدد اور خواتین کو برہنہ پریڈ کرانے کے واقعے کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس سلسلے میں عاپ کے ضلع صدر بھوپیندر سنگھ جدون نے کہا کہ جب ان کا قافلہ سیکٹر 18 کے دفتر سے عطا پیر اسکوائر پر احتجاج کرنے کے لیے آگے بڑھا تو اے سی پی رجنیش ورما اور سیکٹر-20 کوتوال دھرم پرکاش شکلا کی قیادت میں پولیس فورس نے انہیں روک دیا۔ پولیس کارکنوں کو گھسیٹ کر زبردستی پولیس کی گاڑیوں میں ڈال کر سورج پور پولیس لائن لے گئی۔
انہوں نے کہا کہ صدر جمہوریہ کو ایک میمورنڈم کے ذریعے ہم منی پور حکومت کی فوری برطرفی، صدر راج نافذ کرنے، متاثرہ خاندان کو انصاف دینے، ریاست میں امن کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات اور خواتین کے ساتھ گھناؤنے فعل کرنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کر رہے تھے، لیکن پولیس نے بار بار کارروائی کرتے ہوئے ہمیں راستے میں ہی روک دیا۔
مظاہرے میں شریک یوتھ ونگ کے ریاستی صدر پنکج اوانا نے کہا کہ منی پور تشدد میں اب تک 150 سے زیادہ لوگوں کی موت کے لیے مودی اور منی پور حکومت ذمہ دار ہے۔