غازی آباد:ریاست اترپردیش کے غازی آباد کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں ایک شخص ہوٹل میں مبینہ طور پر تھوک لگا کر چپاتی (روٹیاں) بناتے ہوئے دیکھا گیا تھا جسے پولیس نے جمعرات کو غازی آباد سے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ ویڈیو غازی آباد کے صاحب آباد علاقے کی ایک ہوٹل کا ہے جو ٹیلا موڑ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ صاحب آباد کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پونم مشرا نے بتایا کہ ٹیلا موڑ تھانے علاقے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں ایک شخص تھوک لگا کر روٹیاں بنا رہا تھا۔ پولیس نے اس شخص کے خلاف 18 جنوری کو ٹیلا موڑ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی تھی۔اس شخص کو 19 جنوری کی صبح گرفتار کیا گیا ہے غازی آباد پولیس نے ملزم کی شناخت تاثیر الدین کے طور پر کی ہے ۔
پولیس کے مطابق تاثیر الدین سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ملزم کے خلاف وبائی امراض ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دراصل ہندو رکھشا دل کے قومی صدر بھوپیندر چودھری عرف پنکی بھیا نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا تھا، جس میں ایک شخص تندور کے پاس کھڑا ہو کر روٹیاں بنا رہا تھا اور ایسا کرنے سے پہلے وہ روٹیوں میں تھوک لگاتا ہوا نظر آرہا تھا۔ جس کو لے کر سوشل میڈیا پر خوب تنقید کی گئی ، وہیں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے میں ہی روٹی بنانے والے شخص تاثر الدین کو غازی آباد سے گرفتار کرلیا۔