ڈائل 112 کے وہاٹس ایپ نمبر پر ریاست اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو دھمکی دینے والا 25 سالہ کامران منشیات کا عادی ہے۔ اس سے پہلے وہ زویری بازار ممبئی میں سکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے کام کرتا تھا۔ سنہ 2017 میں ریڑھ کی ہڈی کا ٹی وی آپریشن ہوا تھا، جس کے بعد اس نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ کامران کے والد امین چنوں خان ٹیکسی چلاتے تھے۔
باپ کا 2 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا۔ کامران کا بڑا بھائی عمران امین خان موبائل کی مرمت کا کام کرتا ہے۔ کامران کی والدہ شیریں امین پہلے ٹیچر تھیں، فی الحال کچھ نہیں کرتی ہیں۔ بہن کا نام زرین ہے۔ ملزم کامران کا اترپردیش میں کوئی رشتہ دار نہیں ہے۔
ڈائل 112 کے وہاٹس ایپ نمبر پر کامران نے دھمکی دی تھی کہ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑا دیں گے۔ اس کے بعد انسپکٹر گومتی نگر دھیرج کمار کی تحریر پر دھمکی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ٹی ایف کو لگایا گیا۔
جس نمبر سے پیغام موصول ہوا تھا اس کا پتہ لگانے کے لیے سروی لانس کا استعمال کیا گیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ نمبر مہاراشٹر کے ممبئی سے ہے۔ اس کے بعد ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم مہاراشٹر روانہ کردی گئی۔ ایس ٹی ایف کی سرگرمی اور اے ٹی ایس مہاراشٹر کی مدد سے 2 دن کے اندر ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اب ملزم کو ممبئی سے لکھنؤ لایا جارہا ہے۔