لکھنؤ: گزشتہ روز نیٹ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس میں مدارس کے فارغین نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مدارس کے طلبا نے نہ صرف اپنے اہل خانہ بلکہ مدارس کا بھی نام روشن کیا ہے۔ مدارس کے تعلیمی معیار کے حوالے سے آئے دن کچھ نہ کچھ سوال اٹھتے رہتے ہیں لیکن مدارس کے طلباء نے نیٹ جیسے امتحان میں کامیابی حاصل کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ مدارس کے طلبہ کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں۔ یہی نہیں یوپی ایس سی جیسے امتحان میں بھی کامیابی کا پرچم لہرا چکے ہیں۔
اس سلسلے میں لکھنؤ کے شاہی عیدگاہ عیش باغ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے نیٹ امتحان میں کامیاب ہونے والے تمام طلبا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شاہین اکیڈمی کا ذکر کیا اور کہا کہ اکیڈمی کے چار حفاظ نے نیٹ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ جس میں حافظ محمد علی اقبال، حافظ غلمان احمد زردی، حافظ محمد عبداللہ اور حافظ حزیفہ شامل ہیں۔