امروہہ: گذشتہ دنوں اتر پردیش کی انتظامیہ نے امروہہ کے جیبرا گاؤں میں ایک مدرسہ کو غیر مسلموں کی شکایت کے بعد منہدم کردیا۔ مقامی غیر مسلموں نے مدرسہ میں لاؤڈ اسپیکر پر نماز پڑھنے کی شکایت کی تھی جس پر ضلع انتظامیہ نے مدرسہ کی عمارت کو ہی منہدم کردیا ہے۔ Madrasa Razed Down by Uttar Pradesh Administration مدرسے کی انہدامی کارروائی کی خبر کو مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے شیئر کیا ہے۔
انہدامی کارروائی کے تعلق سے مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مدرسہ سات ماہ قبل سوسائٹی کی زمین پر تعمیر کیا گیا تھا تاہم مدرسہ کے منیجر اشتیاق احمد نے انتظامیہ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ ان کے دادا کی زمین پر تعمیر کیا گیا۔ ایک اہلکار نے بتایاکہ ’’علاقے کی غیر مسلم آبادی مدرسہ میں لاؤڈ اسپیکر پر نماز کی ادائیگی پر اعتراض کرتے ہوئے اس معاملے کو ضلع انتظامیہ کے پاس لے گئی، جس پر ضلع انتظامیہ نے مدرسہ کے حکام کو وہاں نماز نہ پڑھنے کی ہدایت دی۔ تاہم انتباہ کے باوجود وہ وہاں نماز کی ادائیگی جاری رہی، جس کے بعد حکام نے کارروائی کرتے ہوئے مدرسہ کو ہی منہدم کردیا۔