مالدہ ٹاؤن-آنند بہار ایکسپریس میں سفر کر رہے مختلف مدارس کے 170 طلباء کو بریلی ریلوے جنکشن پر جی آر پی اور آر پی ایف اہلکاروں نے ٹرین سے اتارا۔ پولیس طلباء سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ ریلوے پولیس نے انسانی اسمگلنگ کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی مادھوپور اٹھنیاں ضلع بھاگلپور سے محمد شاکر نامی استاد کے استاد کے ساتھ 33 طلباء ممبئی-ہاوڑا ایکسپریس سے ناندورہ ضلع بلڈانہ میں واقع مدرسہ اصحاب صفہ کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن انہیں چھتیس گڑھ کے راجن گاوں ریلوے اسٹیشن پر پولیس نے ٹرین سے اتار کر حراست میں لے لیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، مقامی انٹیلیجنس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ 12 سے 16 برس کے 170 طلباء کو انسانی اسمگلنگ کے لیے کہیں لے جایا جارہا ہے۔ اس اطلاع کے بعد ریلوے پولیس نے الرٹ جاری کر دیا۔ جیسے ہی ٹرین شاہجہاں پور پہنچی پولیس نے ٹرین کو گھیرا بندی کرکے روک لیا اور بوگیوں میں سوار سبھی طلباء کو نیچے اتار لیا۔
ریلوے محکمے کی اس کارروائی کے بعد جنکشن پر سنسنی پھیل گئی۔