لکھنؤ:ککریل ندی کی باز آباد کاری مہم میں لکھنو کا بھیکم پور علاقہ, اکبر نگر علاقہ اور ابرار نگر سمیت کئی آبادیاں آرہی ہیں جس میں ہزاروں مکانات تعمیر ہیں لکھنو مونسپل کاپوریشن اور ایل ڈی اے نے ان مکانات کو غیر قانونی تعمیرات قرار دیا ہے۔ بھیکھم پور میں لکھنو مونسپل کارپوریشن اور ایل ڈی اے نے بلڈوزر کے ذریعے تمام مکانات کو منہدم کر دیا ہے تو دوسری طرف اب اکبر نگر میں بھی بلڈوزر کی کاروائی عنقریب چلنے والی ہے جس سے ایک بڑی ابادی متاثر ہوگی۔
اکبر نگر میں بیشتر غریب مزدور اور یومیہ طور پر پیشہ ور افراد موجود ہیں جہاں پر مدرسے مسجد سمیت کئی عبادت گاہ موجود ہے۔ اس تعلق سے ان ابادیوں میں لوگوں کے مابین شدید تشویش ہے۔ اندیشہ ہے کہ چند ہی دنوں میں لکھنو انتظامیہ ان مکانات پر انہدامی کاروائی کرے گی۔
ای ٹی وی بھارت نے وہاں کی رہائشیوں سے بات چیت کی ہے اور جاننے کی کوشش کی ہے کہ لکھنو کے بھیکم پور علاقے میں ایک طرف جہاں لوگوں کو پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت مکانات دیے گئے ہیں تو اکبر نگر علاقے میں رہنے والے رہائشیوں کو مکانات کیوں نہیں دیے گئے۔ اکبر نگر کے رہائشی لوگوں نے بتایا کہ لکھنو انتظامیہ نے چھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد کہا کہ پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت مکانات دیے جائیں گے۔ ہم غریب مزدوری کرنے والے لوگ ہیں اتنا بڑا رقم کہاں سے لائیں ؟