لکھنؤ: اس وقت بھارت اور پاکستان میں صرف دو لوگوں کا سب سے زیادہ چرچا ہے، وہ سیما غلام حیدر اور انجو ہیں۔ سیما اپنے عاشق سچن سے ملنے پاکستان سے بھارت آئی تھی، جب کہ جے پور کی انجو اپنے عاشق نصر اللہ سے شادی کرنے کے لیے پاکستان کے خیبرپختونخوا چلی گئی ہے۔ لکھنؤ میں بھی ایسے واقعات پیش آئے ہیں جن کی کہانی سیما اور انجو کے گرد گھومتی ہے۔ ان میں ایک لڑکی ایسی بھی ہے، جس نے انجو جیسے پاکستانی لڑکے سے شادی کر کے وہاں کی شہریت لے لی، لیکن بعد میں اپنے شوہر سے تنازع کے بعد وہ واپس لکھنؤ آگئی اور پھر اسے جیل جانا پڑا۔
راجدھانی کے سعادت گنج پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں انجو اور سیما ہی جیسی ایک لڑکی کی کہانی لکھی گئی ہے، جس کی یاد آج ایک بار پھر تازہ ہوگئی۔ ایف آئی آر درج کرنے والے سب انسپکٹر ساجد بیگ نے کہا کہ 'حشمت آرا جو کہ اصل میں رائے بریلی کی رہنے والی ہیں، نے 1980 میں پاکستان کے شہری شاہ نذیر عالم سے شادی کی اور پھر پاکستان میں رہنے لگی۔ حشمت آرا نے بھی پاکستان کی شہریت اختیار کر لی، یعنی اب وہ مکمل طور پر پاکستانی ہو چکی تھیں۔ اسی دوران حشمت آرا نے دو بیٹیوں اور دو بیٹوں کو جنم دیا۔