لکھنو: 2024 کے پارلیمانی انتخابات جیسے جیسے قریب آرہے ہیں سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیاں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ اتر پردیش میں پارلیمانی انتخابات کے 80 نشستیں ہیں جس پر گزشتہ انتخابات میں بیشتر نشستوں پر بی جے پی نے جیت حاصل کی تھی لیکن 24 کے انتخابات میں نتائج کیا ہوں گے اور کون سی پارٹی کامیاب ہوگی یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔ لیکن جس طریقے سے گزشتہ انتخابات میں سوشل میڈیا کا ووٹرز پر اثر پڑا ہے آنے والے انتخابات میں اندازہ کیا جا رہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا سیاسی جماعتیں استعمال کریں گی اور ووٹرز کو متاثر کریں گی۔
اس موضوع پر اتر پردیش کے سابق اطلاعاتی کمشنر سید حیدر عباس رضوی سے ای ٹی وی بھارت نے خاص بات چیت کی ہے انہوں نے کہا کہ یہ قوی امید ہے کہ برسر اقتدار سیاسی جماعت یعنی بی جے پی آنے والے عام انتخابات میں آرٹیفیشل انٹلی جنس کا استعمال کر ووٹروں کو متاثر کرے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اس کا علم بھی نہیں ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن اس جانب سنجیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس نہ صرف بھارت میں بلکہ امریکہ میں بھی اس کے اثر سے ووٹرز محفوظ نہیں ہیں امریکہ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال پر بے چینی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور وہاں کی سیاسی جماعتیں اس پر مسلسل قانون اور پابندی عائد کرنے کی بات کر رہی ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس کے ذریعے اسمارٹ فون یوزرس کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔