اترپردیش اور اتراکھنڈ بارڈر کے ضلع بریلی کی تحصیل بہیڑی میں ٹڈیوں نے فصلوں کو کافی نقصان پہنچایا، وہیں محکمہ جنگلات نے ڈرون کے ذریعے دواؤں کا چھڑکاؤ کیا۔
بریلی: بہیڑی میں ٹڈی دل کی واپسی بہیڑی میں دو دن قبل دوپہر ایک بجے کروڑوں کی تعداد میں ٹڈّی دل آیا ۔ مقامی کسانوں کو جب اس کی اطلاع ملی تو وہ کھیتوں کی جانب روانہ ہو گئے۔اور فوراً محکمہ جنگلات کے افسران کو اطلاع دی۔
محکمہ جنگلات کے افسران کے آنے سے قبل کسانوں نے شور کرنا شروع کیا۔ اُنہوں نے تالی، تھالی، آتش بازی اور ٹین کے ڈرم بجائے۔ لیکن ٹڈّی دل یکے کے بعد دیگرے کھیتوں کا رخ کرتا رہا۔ اس علاقے میں چوبکیہ، نانک پوری، ایشور پور، بھینسیہ اور ٹانڈا موضع کے کھیتوں میں جاکر بھاری نقصان کیا۔
ٹڈّی دل کے آنے کی اطلاع پر محکمہ جنگلات کے اہلکار پوری تیاری سے پہنچے اور ٹڈّیوں کو بھگانے کی مہم شروع کی۔ اہلکاروں نے ڈرون کے ذریعے کیڑے مارنے کی دوا کا چھڑکاؤ کیا اور شور شرابہ کرکے ٹڈّیوں کے بھگانے کی کوشش کی۔ اس دوران پانی اور دوا کی بوچھار سے کروڑوں کی تعداد میں ٹڈّیاں ایک کھیت سے اڑکر دوسرے کھیت کے لیے روانہ ہونے لگیں۔
واضح رہے کہ دو ریاستوں اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے بارڈر پر ضلع بریلی کی بہیڑی تحصیل واقع ہے۔ محکمہ جنگلات کے افسران کو یہ بھی معلومات ہوئی ہے کہ پڑوسی ریاست اتراکھنڈ میں ٹڈّی دل کے خاتمے کے لیے 'آپریشن کلین' چلایا جا رہا ہے۔ لہذا وہاں سے اُڑکر یہ دل اترپردیش کی سرحد میں بہیڑی تحصیل میں داخل ہو گیا ہے۔