علی گڑھ: اے اے ڈبلیو ایف اور برائٹ برینز پلے اسکول کی بانی ڈائریکٹر طلعت جاوید نے کہاکہ تعلیم انسان کے علم، ہنر، شخصیت اور رویہ کو نکھارتی ہے۔ تعلیم انسان کو تمام مخلوقات میں سب سے زیادہ ذہین ثابت کرتی ہے۔ یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ زندگی کو بدلنے کا سب سے اہم ذریعہ تعلیم ہی ہے۔ یہ ہماری سماجی اور معاشی حیثیت کو بھی بہتر بناتی ہے۔ تعلیم لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے کیونکہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ فرد کو اچھی نوکری ملنے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔
خواتین اور بچوں کی تعلیم کی اہمیت پر لیکچر میں اپنے خطاب میں اے اے ڈبلیو ایف اور برائٹ برینز پلے اسکول کی بانی ڈائریکٹر طلعت جاوید نے خواتین اور بچوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرکاری , غیر سرکاری پروگراموں اور اسکیموں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 سے واقفیت حاصل کریں اور معاشرے کے پسماندہ طبقے کی خواتین اور بچوں میں تعلیم کی توسیع میں مدد کریں۔مہمان مقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے یونیورسٹی پولی ٹیکنک کے پرنسپل پروفیسر ارشد عمر نے کہا کہ اس لیکچر کا مقصد طلباء اور عملے کے اراکین کو تعلیم کے ذریعے تفویض اختیارات کے سلسلہ میں بیدار کرنا ہے۔