مئو ضلع میں واقع کسان سہکاری شوگر فیکٹری میں ویسٹ منیجمنٹ ناکارہ ہونے کا خمیازہ کثیر آبادی کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ فیکٹری سے برآمد ہونے والے غلیظ پانی قرب و جوار کے دو درجن سے زائد گاؤں کو متاثر کر رہا ہے۔
اس پانی کے کھیتوں میں داخل ہونے سے کاشت بھی آلودہ ہو جاتی ہے۔ جتنے رقبہ میں فیکٹری کا غلیظ پانی پھیلا ہوا ہے، اس سے زیادہ رقبہ اس کی بدبو سے متاثر ہے۔ یہاں کے باشندوں کے لئے کبھی کبھی بدبو کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔
فیکٹری کے قرب و جوار کے گاؤں میں قائم سرکاری پرائمری اسکول بھی آبی آلودگی کی زد میں ہیں۔ ان سرکاری اسکولوں میں جو بھی ہینڈ پمپ نصب کئے گئے ہیں، ان میں بیشتر سے آلودہ پانی برآمد ہو رہا ہے۔