گورکھپور: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ انہیں یہ ہر حال میں یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی شخص کی زمین پر کوئی زمین مافیا غیر قانونی قبضہ نہ کرنے پائے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ زمین مافیا کو قانونی سبق سکھایا جائے۔ گورکھپور دورے پر آئے یوگی نے منگل کو جنتا درشن میں لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کے افسران کو ہدایت دی کہ زمین پر قبضہ سے متعلق شکایات پر فوری اور موثر کاروائی یقینی بنانے میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے جنتا درشن میں آئے لوگوں کو تیقن دیا کہ سب کے مسائل کو حل کرایا جائے گا۔ کسی بھی بھی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
گورکھناتھ مندر احاطے میں منعقد جنتا درشن میں وزیر اعلی نے 500سے زیادہ افراد کی فریادیں سنیں اور فوری و تشفی بخش کاروائی کا تیقن دیا۔ جنتا درشن میں کچھ خواتین زمینی تنازع و قبضہ کئے جانے کی شکایت لے کر پہنچی تھیں۔ وزیر اعلی نے افسران سے کہا کہ ایسی کاروائی کریں کہ کوئی بھی دبنگ زمین پر قبضہ کرنے کی جراءت نہ کر سکے۔ زمین کے آپسی تنازع کے معاملات میں انہوں نے فریقین کے درمیان کاونسلنگ کرنے اور اس کے بعد قانونی کاروائی کرنے کی ہدایت دی۔