پٹنہ:جمعہ کو ای ڈی نے لالو یادو کی تین بیٹیوں اور رشتہ داروں کے گھر پر 15 گھنٹے سے زیادہ وقت تک چھاپہ مارا جس کے بعد بہار کی سیاست گرم ہوگئی۔ آر جے ڈی کے رہنماؤں نے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا۔ دوسری جانب اس پوری کارروائی پر لالو یادو نے ٹویٹ کیا کہ 'آج میری بیٹیوں، ننھے منے نواسوں اور حاملہ بہو کو 'بھاجپائی ای ڈی' نے بے بنیاد انتقامی کیسوں میں 15 گھنٹے سے بٹھا رکھا ہے۔ کیا بی جے پی ہمارے ساتھ سیاسی جنگ لڑنے کے لیے اس حد تک گر جائے گی؟
لالو یادو نے مرکز کو نشانہ بنایا:
لالو یادو نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ انہوں نے ایمرجنسی کا دور بھی دیکھا ہے۔ وہ لڑائی بھی لڑی تھی۔ سنگھ اور بی جے پی کے خلاف میری نظریاتی لڑائی رہی ہے اور رہے گی۔ میں ان کے سامنے کبھی نہیں جھکا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میرے خاندان اور پارٹی کا کوئی بھی شخص ان کی سیاست کے سامنے نہیں جھکے گا۔