ریاست اترپردیش کے رامپور سے پیدل جاتے ہوئے متعدد مزدوروں سے ہم نے بات کی، جنہوں نے بتایا کہ وہ دہلی اور دیگر بڑے شہروں سے واپس اپنے گھر پیدل سفر طے کر کے جا رہے ہیں۔
کورونا وائرس کے قہر سے بچنے کے لئے ملک میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کا آج تیسرا دن ہے۔ اس درمیان تمام کام بند ہو جانے کی وجہ سے مزدور طبقے پر اس کے کافی منفی اثرات مرتب ہوتے نظر آ رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ دہلی اور دیگر بڑے شہروں سے ان مزدوروں نے واپس اپنے گھروں پر جانا شروع کر دیا ہے۔ لیکن لاک ڈاؤن کے سبب کسی بھی قسم کی کوئی سواری گاڑی بھی نہیں چل رہی ہے۔ اس لئے یہ مزدور سیکڑوں میل کا سفر پیدل ہی طے کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ایسے میں دور دور تک کہیں کھانے کا بھی کوئی نظم نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کو بھوکے ہی چلنا پڑ رہا ہے۔
غورطلب ہے کہ دہلی سے رامپور کے درمیان کا فاصلہ 185 کلومیڑ پر مشتمل ہے اور یہ مزدور لاک ڈاؤن میں کوئی سواری نہیں ملنے کی وجہ سے پیدل ہی چل رہے ہیں۔