میرٹھ:ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں گذشتہ تین برسوں سے سماجی خدمات انجام دے رہی تنظیم سوشل اینڈ جسٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک خدمت بینک کا قیام کیا گیا۔ اسی کے ساتھ شدید سردی میں غربا کی مدد کے جذبے کے ساتھ تنظیم کے اراکین نے نئے و پرانے کپڑوں کو جمع کر کپڑا بینک کی شروعات کی جس کے ذریعے گرم کپڑوں کے علاوہ دیگر سبھی طرح کے کپڑوں کو بھی جمع کیا گیا تاکہ ضرورت مند افراد تک یہ مدد پہنچائی جا سکے۔
اس کے علاوہ تنظیم کے اراکین صاحب حیثیت لوگوں سے اپیل بھی کر رہے ہیں کہ اس شدید سردی میں غرباء کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں تاکہ شدید سردی سے ان کی حفاظت کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی تنظیم غرباء کے لیے کھانے کا بھی انتظام کر رہی ہے جس کے لیے وہ صاحب حیثیت لوگوں کے ساتھ شادی بیاہ کی تقریبات میں بچے کھانوں کو جمع کرتی ہے تاکہ یہ کھانا ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جا سکے۔