درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمت اللہ علیہ اجمیر کے سجادہ نشین حضرت خواجہ سید فخرو میاں چشتی کا انتقال 7 جنوری جمعرات کو اجمیر میں ہوا تھا۔ جیسے ہی حضرت خواجہ فخرو میاں چشتی کی خبر ان کے مریدین اور چاہنے والوں کو ملی تو افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
مرادآباد: خواجہ سید فخرو میاں کا سوم منایا گیا ہفتے کے روز حضرت خواجہ فخرو میاں چشتی کا سوم ہوا تو وہیں ریاست اتر پردیش کے مرادآباد درگاہ حضرت سلطان صاحب میں رنج و غم کے ساتھ سوم کی رسومات ادا کی گئیں۔ اور قل شریف پڑھا گیا۔
اس موقع پر ان کے چاہنے والوں اور مریدوں نے شرکت کی۔
درگاہ حضرت سلطان صاحب کے سجادہ نشین حضرت سید نعیم چشتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ سید فخرو میاں چشتی کے دنیا سے رخصت ہوجانے سے ملک کے سبھی خانقاہوں اور گدّی نشینوں اور ان کے چاہنے والوں میں بے حد افسوس ہے۔ اور قوم کا بہت بڑا نقصان ہے۔ انھوں نے کہا حضرت خواجہ فخرو میاں چشتی نے ہمیشہ لوگوں کو یہی پیغام دیا کہ تعلیم و تربیت سے ہی ملک کی ترقی ہے اور جس نے اہل بیت سے محبت کی اس نے اللہ سے محبت کی جس نے اللہ سے محبت کی اس نے اہل بیت سے محبت کی۔
قل شریف کے آخر میں ملک کی ترقی امن و امان اور کورونا وائرس وبا سے نجات کے لئے دعا کی گئی۔