اردو

urdu

ETV Bharat / state

بریلی: خانقاہ عالیہ نیازیہ سے جلوس نہیں نکالا گیا

کورونا پروٹوکول کی وجہ سے گزشتہ برس کی طرح امسال بھی بریلی کی خانقاہ عالیہ نیازیہ کا روایتی جلوس نہیں نکالا گیا۔

By

Published : Aug 20, 2021, 4:59 PM IST

بریلی: خانقاہ عالیہ نیازیہ سےجلوس نہیں نکالا گیا
بریلی: خانقاہ عالیہ نیازیہ سےجلوس نہیں نکالا گیا

کورونا وائرس کی دوسری لہر کا قہر ختم ضرور ہو گیا ہے، لیکن اس کا اثر ابھی تک تقریبات کو متاثر کر رہا ہے۔ اترپردیش کے ضلع بریلی میں واقع خانقاہ عالیہ نیازیہ کا سلسلہ تصوف سے قدیمی رشتہ ہے۔ اس خانقاہ میں تقریباً تین صدیوں سے ماہِ محرم میں قدیمی جلوس نکالا جاتا ہے۔ اس جلوس میں شرکت کرنے کے لیے ملک کی تمام ریاستوں سے مریدین، زائرین اور عقیدت مند شرکت کرنے آتے ہیں۔

بریلی: خانقاہ عالیہ نیازیہ سےجلوس نہیں نکالا گیا

یہاں آنے کا مقصد جلوس کا دیدار کرنے کے ساتھ ساتھ روحانی فیض حاصل کرنا ہوتا ہے۔ لیکن کورونا وائرس کے اثر نے اس جلوس کو بھی متاثر کیا ہے۔ گزشتہ برس کی طرز پر اس برس بھی تین سو برس قدیمی جلوس خانقاہِ عالیہ نیازیہ سے نہیں نکالا گیا ہے۔ لیکن یہاں رکھا ہوا تخت و تعزیہ اور علم، لوگوں کے دیدار، نذر و نیاز کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ماہ محرم کی پہلی تاریخ سے لنگر و سبیل کا سلسلہ جاری ہے۔

سلسلہ تصوف کے اہم مراکز میں سے ایک خانقاہ عالیہ نیازیہ کی ایک شاندار تاریخ ہے۔ یہ خانقاہ تین صدی قبل حضرت شاہ نیاز بے نیاز کے دست مبارک سے عمل میں آئی۔ تین سو برس بعد بھی اس خانقاہ میں قدیم روایتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں ماہ محرم میں پہلی تاریخ سے نیاز و نذر کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور دس دن تک یعنی یوم عاشورہ تک جاری رہتا ہے۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ خانقاہ عالیہ نیازیہ میں تمام مذاہب کے لوگ مذہبی تقریبات میں شرکت کرنے آتے ہیں۔ یہاں آنے والے مریدین کو بلا تفریق باری باری سے خانقاہ کی تمام تقریبات میں شامل ہونے کا موقع ملتا ہے۔

خانقاہ میں حاضری کے لیے آنے والی مرید نرگس خان کا کہنا ہے کہ خانقاہ سے روحانی فیض حاصل کرنا عقیدت کا خاص حصّہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لکھنؤ میں روضہ حضرت عباس پر پہنچنے والا تاریخی جلوس نہیں نکالا گیا

بہرحال خانقاہ میں زائرین کم تعداد میں ہی صحیح، لیکن شرکت و دیدار کرنے کے لیے حاضر ہو رہے ہیں۔ اس برس خانقاہ کے احاطے میں نہ تو تخت و تعزیہ و ماتم کا جلوس ہے اور نہ ہی لوگوں کا ہجوم ہے۔ پھر بھی خانقاہ سے عقیدت اور محبت کرنے والے مریدین نے ماہ محرم کی چار تاریخ سے روایتی سبز رنگ کا لباس پہن لیا ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details