جمعیت علماء ہند کے وفد نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا دورہ کیا،اس وفد میں جمعیت علماء ہند کے سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی بھی شامل تھے۔ وفد نے یونیورسٹی کی تاریخی جامع مسجد میں مغرب کی نماز ادا کی، بانی درسگاہ سرسید احمد خان کے مزار اور تاریخی اسٹریچی ہال کے دورے کے بعد اولڈ بوائز لاج تشریف لے گئے جہاں ان کا زور دار استقبال کیا گیا۔علیگڑ ھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے لاج میں بعد نماز مغرب جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند سو سال سے زیادہ کی ایک تاریخی حیثیت رکھنے والی جماعت ہے۔ اس جماعت نے ملک و ملت کی فلاح و بہبود کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ بالخصوص علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تحفظ کے لیے اس کی بڑی سیاسی اور آئینی جدوجہد ہے۔ جب یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کا مسئلہ کھڑا ہوا تو فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی نور اللہ مرقدہ نے اس وقت کی حکومت سے اس کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے پر کئی تحریکیں چلائیں۔
انھوں نے کہا کہ آج یونیورسٹی آکر مجھے بہت شاد مانی ہو رہی ہے۔ یہاں کے فضلاء دنیا بھر میں تعلیم کی خدمت کررہے ہیں۔ یہ یونیورسٹی آج بھارت کی ایک معروف مرکزی یونیورسٹی ہے۔ اس موقع پر اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے جمعیت کے وفد کا استقبال کیا اور ترکی میں جمعیت کی جاری ریلیف کی ستائش کی۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کے ذریعے ترکی میں ریلیف کے کاموں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ترکی اور شام انبیاء کرام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی سرزمین ہے جہاں کے لوگ اس وقت انتہائی دکھ اور مصیبت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ اس موقع پر جمعیت وہاں ضرورت مندوں کی مدد کر رہی ہے، میں بذات خود وہاں گیا تھا، اس کے بعد صدر جمعیت علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی صاحب تشریف لے گیے۔
مولانا حکیم الدین قاسمی کی آمد پر جمعیت علماء علی گڑھ کے ذمہ داران خاص طور سے جمعیت علماء علی گڑھ کے صدر مولانا فاضل قاسمی، سابق طلباء لیڈر ڈاکٹر ابوالفرح شاذلی، شہزاد، ابوالحیات، ابوذر، امام مسجد اے ایم یو، ڈاکٹر اعظم میرخان جنرل سیکریٹری اولڈ بوائز ایسو سیشن اے ایم یو علیگڑھ، زید شیروانی، محمد عاقب، عدنان حمید، محمد تسنیم، مولانا ڈاکٹر عتیق قاسمی، قاری عبدالقیوم، مفتی اکبر قاسمی و قاری میکائیل، مولانا قاری محمد اجمل اور مولانا اخلد وغیرہ موجود تھے۔ جمعیت علماء ہند کے وفد میں مرکزی دفتر سے مولانا غیور قاسمی، مولانا عظیم اللہ صدیقی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مفتی ذاکر حسین قاسمی شامل تھے۔
Aligarh Muslim University اے ایم یو میں جمعیت علماء ہند کے وفد کا استقبال - بہار خبر
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے اولڈ بوائز لاج میں جمعیت علماء ہند کے سیکرٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کا زور دار استقبال کیا۔ ٖٖٖ
جمعیت علماء ہند کے وفد کا استقبال