مظفّر نگر: اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جمعیت علماء بڈھانہ کے ذمہ داران نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے سزا کا مطالبہ کیا۔جمعیت علماء کے اراکین نے اس معاملے کو لے کر احتجاج کیا۔ جمعیت علماء ضلع مظفر نگر کے صدر مولانا قاسم القاسمی و جنرل سکریٹری مولانا مکرم قاسمی نے کہا کہ قرآن پاک ایک مقدس کتاب ہے، ایک مسلمان قرآن کریم کی توہین کو کبھی برداشت نہیں کر سکتا۔ ایسی گھناؤنی حرکت کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔
جمعیت علماء بڈھانہ کے شہر صدر حافظ شیردین اور حافظ تحسین نے کہا کہ ایسی مذموم حرکتیں کرنے والے اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ یہ لوگ امن کے خلاف ہیں جو دنیا میں امن اور ہم آہنگی کو پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اس طرح کی غلط حرکتیں کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ حافظ شیردین نے قرآن کریم کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن ایک بابرکت کتاب ہے جو اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوئی۔ قرآن نے کسی پر ظلم کرنے اور کسی کی جائیداد ہتھیانے سے منع کیا ہے، اس نے انسان کو انسانیت کے ساتھ زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا ہے۔