مظفر نگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے مدرسہ تعلیم القرآن جامعہ نگر میں جمعیت علماء کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت شہر صدر حافظ محمد اکرام نے اور نظامت کے فرائض شہر جنرل سیکریٹری قاری محمد عادل نے انجام دیے۔ میٹنگ کا آغاز قاری محمد ثاقب کے تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نعت نبی کا نذرانہ مولانا محمد عمار نے پیش کیا۔
اس میٹنگ میں بطور مہمان خصوصی ضلع صدر مفتی محمد بنیامین، و ضلع جنرل سیکرٹری قاری ذاکر حسین نے شرکت فرمائی۔ اس موقعے پر قاری ذاکر حسین سکریٹری جمعی علماء اتر پردیش نے بتایا کہ اس میٹنگ میں چند امور طے کیے گئے ہیں جن میں ایک مہینے کے اندر شہر میں پانچ مکتبوں کو منظم کرنا ہے، جس کے لیے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کمیٹی میں حافظ محمد اکرام، مولانا محمد گلزار، مفتی عبد القیوم کے نام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تین مہینے تک اصلاح معاشرہ کے تحت ترجیحی طور پر سود کے خلاف تحریک چلا کر غیر مسلموں کے ذریعہ مسلم عورتوں کو سودی رقم دے کر اپنے جال میں پھنسانے کی مہم کے خلاف مستورات کے پروگرام و مساجد میں خطابات کی مدد سے اس لعنت سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔