اترپردیش کے ضلع بریلی میں بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی یعنی بی ڈی اے کے خلاف جماعت رضائے مصطفیٰ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
بریلی شہر میں بی ڈے اے سنہ 2004ء سے 'رام گنگا ہاؤسنگ اسکیم' نام سے ایک کالونی تیار کر رہا ہے۔ کئی مرتبہ اس کالونی کو بنانے اور فروخت کرنے کی تیاری ہو چکی ہے۔ لیکن یہ کوشش ہر مرتبہ ناکام ثابت ہوئی ہے۔ حال ہی میں بی ڈی اے میں بطور وائس چیئرمین چارج سنبھالنے والے جوگندر سنگھ نے اس کالونی کو مکمل طور پر تیار کرکے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کا منصوبہ تیار کیا۔
دو دن قبل اس کالونی کے اطراف میں تجاوزات ہٹانے کی مہم شروع کی گئی۔ بی ڈی اے کی ٹیم نے 'اوگھا شاہ بابا' کا مزار بھی مسمار کر دیا۔ مزار پر بُلڈوزر چلنے کے بعد مقامی لوگوں نے بی ڈی اے کی ٹیم پر جم کر پتھراؤ کیا۔ ٹیم نے موقع سے بھاگ کر اپنی جان بچائی تو اعلیٰ افسران نے پولس کے اعلیٰ افسران کو اطلاع دی تو تین تھانوں کی فورس نے موقع پر پہنچ کر مورچہ سنبھالا اور حالات پر قابو پایا۔
حالانکہ بی ڈی اے کے اعلیٰ افسران نے دعویٰ کیا ہے کہ مزار کے اطراف میں غیر قانونی طریقہ سے تجاوزات اور قبضہ کرکے تعمیری کام کیا گیا تھا، جسے ہٹایا گیا ہے۔ مزار کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے۔ جبکہ موقع پر مزار کو پوری طرح مسمار کیا گیا ہے۔
بی ڈی اے کی اس کارروائی کے خلاف درگاہ اعلیٰ حضرت سے وابستہ تنظیم جماعت رضائے مصطفیٰ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جماعت کے قومی صدر حضرت سلمان میاں نے چندپور بِچپوری گاؤں میں واقع 'رام گنگا ہاؤسنگ اسکیم' کے تحت زیر تعمیر کالونی میں مسمار کیے گئے مزار کا معائنہ کیا۔ اس دوران گاؤں کے ہزاروں لوگ موقع پر پہنچ گئے اور بی ڈی اے کی ٹیم کی منمانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔