مظفّر نگر: جمعیت علماء ہند کے قومی صدر حضرت مولانا محمود مدنی کی کال پر ملک کے مختلف مقامات پر ملکی سطح کے سدبھاؤنا سمیلن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جمعیت علماء ہند ضلع مظفر نگر کی جانب سے عزیز فاطمہ ہائی اسکول بڈھانہ میں سدبھاؤنا سمیلن کا انعقاد کیا گیا۔ سمیلن میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہندو ومسلم اتحاد پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس سدبھاؤنا سمیلن کی صدارت جمعیت علماء کے ریاستی سکریٹری قاری ذاکر حسین نے کی اور نظامت مولانا علیم مفتاحی نے کی۔ Jamaat E Ulema E Hind Muzaffarnagar Organise Sadbhavana Sammelan
اس موقع پر پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ریاستی سکریٹری قاری ذاکر حسین نے کہا کہ جمعیت علماء ہند ہمیشہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ کچھ سماج دشمن عناصر ملک میں نفرت کا ماحول بنا کر سماجی کے درمیان تال میل کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جمعیت علماء ہند ایسے سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ملک میں امن برقرار رکھنے کے لئے ملک بھر میں سدبھاؤنا سمیلن کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اس میں تمام مذاہب کے امن پسند لوگ حصہ لے رہے ہیں۔ اس پروگرام میں جمعیت علماء ضلع مظفر نگر کے نائب صدر مولانا معاذ حسن، سماجی کارکن کمل متل، ضلع خزانچی مولانا محمد عقیل وغیرہ نے خطاب کیا۔