لکھنؤ:آل انڈیا محمدی مشن کی ایک اہم میٹنگ موتی جھیل کالونی، عیش باغ میں مشن کے سینئر رکن مقصود احمد کے گھر پر حالیہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منعقد ہوئی۔ جس میں مشن کے تمام عہدیداران نے شرکت کی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی نے کہا کہ اترپردیش کے عوام کو میرا پیغام ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال ضرور کریں اگر عوام ملک کی ترقی اور اپنی زندگیوں میں تبدیلی چاہتے ہیں تو ان کو ووٹنگ میں حصہ لینا ضروری ہے۔ عوام انتخابات میں حصہ لے کر جمہوریت پر اعتماد کا بھر پور اظہار کریں اور اپنے صوبے اور علاقوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
UP Municipal Elections میونسپل انتخابات میں صوبہ کے لیے ووٹ کا استعمال ضروری: مفتی ابو العرفان - صوبہ کے لیے ووٹ کا استعمال ضروری
اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں۔ جس میں ووٹنگ کے فیصد کو بہتر بنانے کے لیے مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی نے کہا کہ میونسپل انتخابات میں صوبہ کے لیے ووٹ کا استعمال ضروری ہے۔ Lucknow Municipal Elections
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ ووٹ ہمارا بنیادی اور عظیم دستوری حق ہے۔ ووٹ ایک ہتھیار ہے جس کے ذریعے ہم اپنی پسند کے نمائندوں کا انتخاب کر سکتے ہیں اپنے جائز حقوق حاصل کرسکتے ہیں، ووٹ کے بغیر ہم اپنے تمام جائز حقوق سے محروم ہو جاتے ہیں خصو صیت کے ساتھ ہم کو یہ جان لینا چاہیے کہ موجودہ ماحول میں ہمارے لیے اپنے ووٹ کا صحیح طریقے سے استعمال کرنا انتہائی اہم ہے۔ آج کے دورمیں انٹرنیٹ نے سب کچھ ہماری انگلیوں پر لا دیا ہے۔ آج ایک باخبر ووٹر بننا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہے۔ حالانکہ اکثرنوجوان جلدبازی سے ووٹنگ کرنے کے بارے میں لاپرواہی برتتے ہیں، انہیں مستقبل پر اپنی نظریں جمانے کی ضرورت ہے۔ ووٹنگ ان کا آئینی حق ہے۔ ان کے ذریعہ منتخب حکومت ان کے مستقبل کے لیے کیے گئے فیصلوں پر اثر انداز ہو گی جو انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے ایک اچھا اور کافی سبب ہے۔
سید اقبال ہاشمی قومی صدرمحمدی مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا میں ابھی بھی کچھ ممالک ایسے ہیں جہاں لوگ اپنی حکومت کا انتخاب نہیں کرسکتے کیونکہ ان کو ووٹ دینے کا حق نہیں ہے۔ ووٹنگ ایک حق اور خصوصی استحقاق ہے جسے پانے کے لیے ہمارے آبا واجداد نے لڑائی لڑی ہے۔ ہمیں اس کی تعریف کرنی چاہیے اور رضاکارانہ طور پر ہر موقع پر ایسا کرنا چاہیے۔ انہوں نےکہا کہ انتخابی عمل میں مداخلت اور شر پسندی سے سختی سے نمٹنے کو یقینی بنائیں، امن و امان قائم کرنے والے تمام ادارے عوام کے اعتماد پر ضرور پورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ لکھنو میں 4مئی کو صبح 7 بجے سے پولنگ شروع ہوگی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔مفتی عرفان میاں فرنگی محلی صاحب کی دعا کے ساتھ میٹنگ کا اختتام ہوا۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والوں میں خاص طور پر شیخ شاکر علی مینائی نائب صدر، ڈاکٹر احسان اللہ نائب صدر، سید احمد ندیم جنرل سکریٹری محمدی مشن، مولانا عفان عتیق فرنگی محلی،ایڈووکیٹ طارق ہاشمی جوائنٹ سیکریٹری، ایڈوکیٹ راشد معراج لیگل ایڈوائزر، ایڈووکیٹ فیضان فرنگی محلی، عالم ، مولانا نسیم ، مولانا ارشاد مینائی، اظہار نظامی، ڈاکٹر حسن روحانی ، محمد نور خان، محمد دانش رضا رضوی، محمد سفیان ،مولانا صدر عالم، قاری شکیل نظامی، محمد الیاس، جاوید صدیقی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔