اردو

urdu

ETV Bharat / state

عراقی شہری نے اپنے بچے کا نام بھارتی ڈاکٹر کے نام پر کیوں رکھا؟

ہانی جاوید محمد نامی عراقی شہری نے نوئیڈا میں اپنے دل کا آپریشن کروایا تھا جو کامیاب رہا۔ اسی بنیاد پر ہانی جاوید نے اپنے بچے کا نام اجے کول رکھا جنہوں نے ان کے دل کا کامیاب آپریشن کیا تھا۔

عراقی شہری ہانی جاوید محمد(بائیں)
عراقی شہری ہانی جاوید محمد(بائیں)

By

Published : Oct 6, 2021, 7:35 PM IST

اتر پردیش کے نوئیڈا میں واقع فورٹس ہسپتال نے عراقی شہری ہانی جاوید محمد کے مصنوعی دل کا انتہائی نایاب طریقہ سے آپریشن کر کے نئی مثال قائم کی۔

فورٹس ہارٹ اینڈ ویسکولر انسٹی ٹیوٹ نوئیڈا کے چیئرمین ڈاکٹر اجے کول اور ان کی ٹیم نے اس آپریشن کو انجام دیا۔ اس مصنوعی دل یعنی ایل وی اے ڈی کی مدد سے ہانی جاوید محمد نے اپنے دل کا علاج کروایا۔

56 سالہ ہانی جاوید محمد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس معجزہ سے میں بھی حیران ہوں، مجھے امید نہیں تھی کہ میں زندہ بچ پاؤں گا لیکن ڈاکٹر اجے کول اور ان کی ٹیم نے مجھے نئی زندگی دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا آپریشن 2018 میں ہوا تھا اس کے بعد سے ہمارے ہاں دو بچوں کی پیدائش ہوئی۔ جس میں سے ایک بچے کا نام آپریشن کرنے والے ڈاکٹر اجے کول کے نام پر رکھا ہے۔

ہانی جاوید نے کہا کہ 'ڈاکٹر اجے کول ہمارے لیے ڈاکٹر کی شکل میں فرشتہ ثابت ہوئے۔ پوری ٹیم کی کوششوں سے ہمیں دوبارہ زندگی ملی۔ میں ڈاکٹر اجے کول سمیت پوری ٹیم کا مشکور ہوں کیونکہ دل کی بیماری کے باعث میری زندگی بوجھ بن چکی تھی اور زندگی کے کوئی آثار نہیں تھے لیکن اللّٰہ نے مجھے دوسری زندگی بخشی اس کے لئے ہانی جاوید محمد کو تقریباً 80 لاکھ روپے خرچ کرنے پڑے۔

واضح رہے کہ عراق کے کردستان سے تعلق رکھنے والے ہانی محمد جاوید کا نوئیڈا کے فورٹس ہسپتال میں مصنوعی دل کو ایک پیچیدہ طریقہ کار کے بعد آپریشن کر کے ہٹایا گیا جب ان کا اپنا دل بھی مکمل ٹھیک ہو چکا تھا۔ یہ آپریشن بھارت میں اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن بتایا جا رہا ہے۔

فورٹس ہیلتھ کیئر لمیٹیڈ، ملک کی صحت کی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک ہے بھارت کے علاوہ فورٹس کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور سری لنکا میں بھی ہسپتال چل رہے ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details