لکھنؤ: ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے چوپٹیا علاقے کے حسین پوریا میں برسوں قبل مسجد سے متصل اہل بیت لائبریری کا قیام عمل میں آیا تھا جہاں بلا تفریق ملت و مذہب لوگ لائبریری سے فائدہ کر رہے ہیں، وہیں نمازیوں کی بھی اس لائبری سے خاصی دلچسپی ہے۔ اہل بیت لائبریری لکھنؤ کی واحد لائبریری ہے جو مسجد سے متصل ہے اور یہاں نمازیوں کے لیے مطالعہ کرنے کا خاص انتظام کیا گیا ہے۔ اس سے قبل اسی علاقے میں خمینی مسجد کے قریب قریب ایک لائبریری کا قیام کیا گیا تھا جس کے بعد پارک والی مسجد کے قریب اہل بیت لائبریری کا قیام عمل میں آیا۔ مولانا کلب صادق نے اس لائبریری کا انتظام و انصرام کا ذمہ اپنی تنظیم ٹی ایم ٹی کو دے دیا تھا۔ اسی تنظیم کے زیر انتظام اب تک یہ لائبریری جاری ہے۔
لائبریری سے متعلق سید حیدر عباس نے بتایا کہ میں خود اسی لائبریری میں پڑھنے کے لیے آتا ہوں۔ اس کے علاوہ علاقے کے کئی بچے یہاں سے جڑے ہوئے ہیں اور کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ لائبریری کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں مذہبی کتاب کے ساتھ سائنس، ریاضی، کمپیوٹر اور طبی کتاب سمیت متعدد مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے دستیاب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں پر طلبا و طالبات کی کثیر تعداد ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ علاقائی لوگ بھی مطالعہ کرنے کے لیے آتے ہیں۔