لکھنؤ: ریاست اترپردیش کے لکھنو شہر کے ممتاز پی جی کالج کے شعبہ اردو کی جانب سے عالمی یوم اردو کی مناسبت سے شاعر مشرق علامہ اقبال کی یوم پیدائش کے موقع پر مقابلہ مضمون نویسی کا انعقاد کیا گیا جس میں سائنس، آرٹس اور کامرس فیکلٹی کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ یوم اردو کے اس موقع پر علامہ اقبال کی شاعری، ان کی تعلیمات اور ان کے افکار و خیالات کے حوالے سے ایک تعارفی نشست کا بھی اہتمام کالج کے کارگزار پرنسپل پروفیسر نسیم احمد خان کی صدارت میں کیا گیا جس میں ڈاکٹر سلمان خان ندوی، ڈاکٹر یاسر انصاری سمیت اساتذہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ International Urdu Day Celebrated in Lucknow
اس موقع پر ڈاکٹر سلمان خان ندوی نے کہا: ’’9 نومبر کی تاریخ کو محبان اُردو کے نزدیک غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ اس افتخار کا بنیادی سبب یہ ہے کہ آج ہی کے دن شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال پنجاب کے شہر سیالکوٹ (لاہور) میں پیدا ہوئے تھے۔ اقبال، جن کو دنیا سے رخصت ہوئے تقریباً ایک صدی کا عرصہ گزر چکا ہے، باوجود اس کے ان کی فلسفیانہ اور حکیمانہ شاعری کے اسرار و رموز ابھی تک علمی دنیا کے اوپر منکشف نہیں ہو سکے ہیں۔ اقبال کی شاعرانہ عظمت کے اثبات کے لیے فقط اتنا ہی کہہ دینا کافی ہوگا کہ ان کی شاعری مشرقی ادبیات کی شعری روایت کا نقطہ عروج ہے۔‘‘ علامہ اقبال کے فلسفیانہ کلام کی ستائش کرتے ہوئے ندوی نے کہا: ’’ہندوستان کی قدیم مشترکہ تہذیب اور متحدہ قومیت کے سب سے بڑے مفسر اقبال کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے اپنی پیاسی شاعری کے ذریعہ ادب کے قاری کو حب الوطنی اور وطن دوستی کے معنی بتائے ہیں۔‘‘Essay Competition on Iqbal Day in Lucknow