بارہ بنکی:ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کے دیوا ٹاؤن میں واقع مشہور صوفی حاجی وارث علی شاہ کی درگاہ پر اندریش کمار نے حاضری دی۔ زیارت کے بعد اندریش کمار نے کہا کہ امن و امان اور محبت بھارت کی پہچان ہے اور یہ برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارے کو مضبوط کریں۔ ہم اپنے مذہب پر عمل کریں، اس کو ہی مانیں اور دوسرے مذاہب کا احترام بھی کریں کسی کے بھی مذہب میں دخل اندازی نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہو سکے تو ہم ایک دوسرے کے پروگرام میں شرکت کریں تاکہ ایک ہند، اکھنڈ ہند جے ہند بن سکے۔ انہوں تمام سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے گزارش کی کہ وہ بھارت میں بھائی چارہ بنا کر رکھیں۔ مذہب کے نام پر اور نوکری کے نام پر ہونے والے تشدد کو ختم کریں۔ بھارت کو بھارت اور امن و بھائی چارے کا ملک بناکر رکھیں۔ اور اب یہاں سے پتھر نہ چلیں، آگ زنی نہ ہو اور زہر نہ اگلا جائے۔