میرٹھ:ریاست اتر پردیش میں بڑھتے جرائم اور مذہبی منافرت کے خلاف انڈین یونین مسلم لیگ نے ضلع مجسٹریٹ آفس پر ایک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے یوپی گورنر کے نام ایک میمورنڈم ضلع مجسٹریٹ کو پیش کیا۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی جنرل سیکرٹری محمد۔ اویس ایڈوکیٹ نے کہا کہ اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہو گئی ہے اور مسلسل جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مجرم بے خوف ہو کر گھوم رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایودھیا میں سریو ایکسپریس ٹرین میں خاتون پولیس کانسٹیبل کے ساتھ وحشیانہ واردات کو انجام دیا گیا تو دوسری طرف بے بنیاد الزامات لگا کر روڈ ویز کنڈکٹر موہت یادو کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا جس کی وجہ سے موہت یادو نے خودکشی کر لی۔ اس کے باوجود ان معاملات میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے انڈین یونین مسلم لیگ کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ قصورواروں کو سخت سزا دی جائے اور کنڈکٹر موہت یادیو کو معطل کرنے والے افسر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔