اترپردیش کے ضلع رامپور کے مہیلا تھانوں میں ہفتہ واری خاندانی تصفیہ کیمپ میں میاں۔ بیوی کے درمیان رشتے خراب ہونے کی وجہ سے شکایات کے اندراج میں اضافہ ہوا ہے۔ دو اجنبیوں کے درمیان شادی کے ذریعہ قائم ہونے والے اٹوٹ رشتوں کی ڈور اب گزشتہ کچھ برسوں سے کمزور ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
بات بات پر طلاق یا خلع کے ذریعہ علیحدگی اختیار کرنے کے حیرت انگیز معاملے سامنے آرہے ہیں۔ جس سے عدالتی کام کاج بھی متاثر ہوا ہے۔ اسی کے پیش نظر عدالتوں نے میاں بیوی کے معاملوں کو آپسی سمجھوتہ سے نمٹانے کے لئے مقامی تھانوں میں خاندانی صلاح مراکز کا قیام کیا ہے۔
رامپور کے مہیلا تھانہ میں بھی گزشتہ 3 برس سے ہفتہ واری کاؤنسلنگ کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے لیکن معاملوں کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے یہ کیمپ اب ہفتہ میں دو مرتبہ لگائے جارہے ہیں۔