علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری میں مردم شماری کے ڈیٹا ریسرچ ورک اسٹیشن کا افتتاح مہمان خصوصی، ہندوستان کے رجسٹرار جنرل اور مردم شماری کمشنر شیتل ورما، آئی اے ایس نے کیا۔ لائبریری کے کلچرل ہال میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں مولانا آزاد لائبریری کے ڈیجیٹل ریسورس سینٹر (ڈی آر سی) میں چار وقف شدہ ورک اسٹیشنز کے قیام کی نشاندہی کی گئی۔
تقریب میں مہمان خصوصی کے علاوہ اے ایم یو کے کارگزار وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، یونیورسٹی لائبریرین اور ممبر اسٹیئرنگ کمیٹی سی ڈی آر ڈبلیو، پروفیسر نشاط فاطمہ، بھی موجود تھی۔ اس موقع پر شیتل ورما نے جدید تحقیق کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے میں باہمی تعاون کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
پروفیسر محمد گلریز نے حکومت کے اس اقدام کی تعریف کی اور محققین کو بااختیار بنانے میں ورک اسٹیشن کے کردار پر زور دیا۔ پروفیسر نشاط فاطمہ نے امید ظاہر کی کہ مردم شماری ڈیٹا ریسرچ ورک اسٹیشن لائبریری کے موجودہ وسائل میں اضافہ کرے گا۔