ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا کے اسپیڈ اسکیٹنگ کلب کے انٹرنیشنل ٹریک پر اترپردیش رولر اسپورٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ساتویں اترپردیش اسکیٹنگ چمپیئن شپ 11 نومبر سے 14 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے۔
اس چیمپئن شپ میں 22 اضلاع کے تقریباً 500 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اس کا افتتاح 11 نومبر کو رولر اسکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا کے معاون سیکریٹری دھرمیندر سنگھ راٹھور نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس چمپیئن شپ میں اچھا کرنے والے بچوں کو قومی چمپیئن شپ کے لیے اترپردیش کی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ یہ قومی چمپیئن شپ دہلی اور موہالی میں ہوگئی۔ اس قومی چمپیئن شپ کے بعد قومی ٹیم منتخب کی جائے گی جو ملک کی نمائندگی کرے گی۔
نوئیڈا میں ساتویں اترپردیش اسکیٹنگ چمپئن شپ کا افتتاح انہوں نے مزید کہا کہ اب ملک میں اسکیٹنگ تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔ اسے یونیورسٹی گیم میں بھی شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ کھیلو انڈیا میں بھی اسے جگہ ملی ہے۔ بچوں کے ساتھ ساتھ والدین بھی اس کھیل میں کافی دلچسپی لے رہے ہیں جس سے اسکیٹنگ کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ کولمبیا میں اسپیڈ اسکیٹنگ میں ہندوستان نے پہلا انٹر نیشنل میڈل حاصل کیا ہے، جو ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔
اتر پردیش رولر اسکیٹنگ کے سیکریٹری سندیپ بھٹناگر نے کہا کہ ان کے پاس کوئی اسکیٹنگ سینٹر نہیں تھا لیکن بچوں کے والدین اور سرپرستوں نے مل کر اس اسکیٹنگ رنگ کو اپنے خرچ سے تیار کیا جو اب بین الاقوامی معیار کا رنگ بن چکا ہے۔ اس میں سرکار کا کوئی رول نہیں ہے اور نہ ہی کسی طرح کی مدد ہے۔ اب سب مدد کے لئے تیار ہیں۔
افتتاح کے موقع پر اتر پردیش رولر سپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سندیپ بھٹناگر، وجے گڈرو اور گریٹر نوئیڈا کلب کے جتیندر سنگھ، راجکمار چوہان، نونیت چوہان، مینک تیوتیا، اجے وانچو اور مقامی کوچ دیو کوشک موجود تھے۔