اترپردیش کے ضلع سنبھل میں کسانوں کی تحریک میں حصہ لینے والے کسانوں کو نوٹس بھیجے جا رہے ہیں۔ سنبھل کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) نے چھ کسانوں کو 50 ہزار روپیے تک کا بانڈ بھرنے کے لیے نوٹس بھیجا۔ پہلے ان کاشتکاروں کو 50 لاکھ روپیے کا جرمانہ ادا کرنے کے لیے نوٹس بھیجے گئے تھے، لیکن اب اس نوٹس میں ترمیم کی گئی ہے۔ ایس ڈی ایم دیپندر یادو نے 50 لاکھ روپیے بطور جرمانہ ادا کرنے والی نوٹس پر وضاحت دیتے ہوئے اسے نچلی سطح پر کی گئی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظر ثانی شدہ نوٹس بعد میں کسانوں کو بھیجا گیا۔
اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 'کسان گاؤں گاؤں جارہے ہیں اور کسانوں کو مشتعل کر رہے ہیں اور افواہیں پھیلا رہے ہیں، جس کی وجہ سے امن و امان خطرے میں ہے'۔
نوٹس میں ان کاشتکاروں سے جوابات طلب کیے گئے ہیں کہ 1 برس تک کسی بھی مظاہرے اور احتجاج میں حصہ نہ لینے کی شرط پر ان کاشتکاروں پر 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ لیکن بعد میں یہ رقم 50 ہزار روپیے کر دی گئی۔
یہ نوٹس دفعہ 111 کے تحت 12 اور 13 دسمبر کو بھیجے گئے ہیں۔ نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ یہ کاشتکار کسان تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس سے لا اینڈ آرڈر میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔ یہ کسان تحریکوں میں حصہ لینے والے کسان تنظیموں کے ممبر ہیں۔