نوئیڈا: فی الوقت مرکزی حکومت دہلی میں ہونے والے جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کی تیاریوں میں مصروف ہے، وہیں دوسری طرف اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا کی ایمیٹی یونیورسٹی میں ایس ٹوئنٹی کی ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ غور طلب ہو کہ ایس ٹوئنٹی سائنس پر مبنی سفارشات حکومت کو پیش کرتا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ہندوستان اور بیرون ملک کے تمام سائنسدان ایک پلیٹ فارم پر موجود ہوں گے، سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات کے بارے میں بات کریں گے۔ اس دوران دہلی این سی آر کی مختلف یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے بچے بھی اس پروگرام میں شریک ہوں گے۔
دو روزہ ایس ٹوءنٹی پروگرام کا افتتاح آج سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ ملک اس وقت سائنس اور ٹکنالوجی کے میدان میں بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے، سائنس ٹوءنٹی پروگرام ایمیٹی یونیورسٹی انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد کر رہی ہے، جس میں نئی ٹیکنالوجی اور ایجادات پر بحث کی جائے گی، اس پروگرام میں ملک اور بیرون ملک کے بہت سے سائنسدان اور اسکول کے طلباء شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سائنسدان دنیا کے لیے صاف توانائی اور سبز توانائی کے میدان میں پوری لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔