ریاست اترپردیش کے آئی جی جیوتی نارائن نے ملزم وکاس دوبے کے انکاؤنٹر سے متعلق ایک پریس کانفرنس کی۔
کیسے ہوا وکاس دوبے کا انکاؤنٹر؟۔ ویڈیو انہوں نے بتایا کہ 'پولیس ملزم وکاس دوبے کو اجین سے گرفتار کر کے کانپور کورٹ میں پیشی کے لئے لارہی تھی تبھی پولیس کی گاڑی اچانک پلٹ گئی اور وکاس دوبے زخمی پولیس اہلکار کا ہتھیار لے کر بھاگنے لگا۔'
ہتھیار لے کر بھاگ رہے وکاس دوبے کو موقع پر موجود پولیس افسران نے سرینڈر کرنے کو کہا لیکن اس نے پولیس افسران کی ایک نہ سنی اور فائرنگ کرنی شروع کر دی۔ حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی ، جس میں ملزم وکاس دوبے مارا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ریاست اترپردیش میں کانپور کے چوبے پور میں پولیس اور وکاس دوبے کے غنڈوں کے مابین تصادم ہوا تھا جس میں ڈی ایس پی دیویندر مشرا سمیت ان کے آپریشن ٹیم میں شامل آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد سے ملزم وکاس دوبے فرار تھا، جو آج پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوگیا۔