علیگڑھ:ضلع علیگڑھ کے نئے چنے گئے میئر پرشانت سنگھل نے کہا ہے کہ وہ پوری لگن سے علیگڑھ شہر کے عوام کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی کے امیدوار کو بڑے فرق سے شکست دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی میں شروعات سے ہی بی جے پی امیدوار پرشانت سنگھل دیگر سیاسی جماعتوں کے میئر امیدواروں سے آگے چل رہے تھے۔ پہلے نمبر پر بی جے پی دوسرے پر سماجوادی پارٹی اور تیسرے پر بی ایس پی امیدوار رہے۔ 2017 میں ہار کے بعد بی جے پی نے بآسانی علیگڑھ میئر سیٹ پر اپنا قبضہ جمایا۔ علیگڑھ سٹی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) امت کمار بھٹ نے ووٹوں کی گنتی کے نتائج سے متعلق بتایا کہ بی جے پی کے میئر امیدوار پرشانت سنگھل نے سماجوادی پارٹی کے میئر امیدوار حاجی ضمیر اللہ خاں کو تقریباً 60 ہزار ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
کامیابی حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ علیگڑھ شہر کے عوام کی خدمت پوری لگن سے کریں گے۔ مسلم امیدواروں میں اس بار مسلم ووٹوں کی تقسیم کی امید کم کی جا رہی تھی یہی وجہ تھی کہ روز اول سے ہی بی جے پی کے پرشانت سنگھل اور سماجوادی پارٹی کے حاجی ضمیر اللہ خاں کے درمیان کڑا مقابلہ بتایا جا رہا تھا لیکن ہر انتخابات کی طرح اس انتخابات میں بھی مسلم ووٹ سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی کے مسلم امیدواروں میں تقسیم ہو گیا جس کے سبب بی جے پی میئر امیدوار پرشانت سنگھل کو 55 ہزار سے زائد ووٹوں سے بآسانی کامیابی حاصل ہو گئی۔