علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اورل اینڈ میکسیلو فیشل سرجری و اسٹومیٹولوجی، سیملویز یونیورسٹی، بڈاپیسٹ اور ہنگری کے وفد نے پروفیسر زولٹ نیمتھ (صدر، شعبہ اورل اینڈ میکسیلو فیشل سرجری) کی قیادت میں آج اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور سے ملاقات کی۔ وفد کے ہمراہ پروفیسر جی ایس ہاشمی، چیئرمین، شعبہ اورل اینڈ میکسیلو فیشل سرجری، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج، اے ایم یو بھی موجود تھے۔ وفد نے وائس چانسلر سے تعلیمی اور طبی تحقیق سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
تین رکنی وفد یہاں 6 فروری 2023 سے ایراسمس پلس انسٹیٹیوشنل ایکسچینج پروگرام 2023 کے تحت موجود ہے۔ قبل ازیں پروفیسر زولٹ نیمتھ نے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج میں اوڈونٹوجینک انفیکشن پر ایک توسیعی لیکچر دیا، جبکہ ڈاکٹر میہالی وازلکو، ایسوسی ایٹ پروفیسر، سیملویز یونیورسٹی، فیکلٹی آف ڈینٹسٹری، بڈاپیسٹ نے ٹیمپورومینڈبیولر جوائنٹ ڈس فنکشن کے موضوع پر خطبہ دیا۔ ہنگری کے وفد کی ایک دیگر رکن ڈاکٹر صوفیہ زنپٹیری نے بھی لیکچر دیا۔