ریاست اترپردیش کے شہر بنارس میں ماہر امراض خواتین ڈاکٹر شپرادھر کو گجرات حکومت اور اے آئی ڈبلیو سی کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ڈاکٹر شپرا کو یہ اعزاز خواتین کو بااختیار بنانے اور بیٹیوں کی پیدائش پر کوئی فیس نہ لینے ساتھ ہی ان کی مہم 'بیٹی نہیں ہے بوجھ، آؤ بدلیں یہ سوچ' کے لیے دیا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ ڈاکٹر شپرا کو ورچوئل میڈیم کے ذریعے دیا گیا ہے۔ ہم آپ کو بتادیں کہ بنارس میں معروف ہسپتال میڈی کیئر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر شپرا دھر بیٹیوں کی پیدائش پر کوئی فیس نہیں لیتی ہیں۔
بیٹیوں کو بچانے کی مہم ڈاکٹر شپرا گذشتہ 6 سالوں سے چلا رہی ہیں۔ ڈاکٹر شپرا حکومت ہند کی مہم "بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ" سے بھی وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر شپرا نے اب تک 50 ضرورت مند بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی ہے۔ اس کے لئے انہوں نے کوشیکا نامی ایک اسکول بھی کھولا ہے۔
ڈاکٹر شپرا خود کفیل بھارت کے تحت خواتین اور لڑکیوں کو سلائی، کڑھائی اور کمپیوٹر کی تعلیم بھی مہیا کرتی ہے۔ ڈاکٹر شپرا ہر ماہ اپنے اناج بینک سے 40 بیوہ خواتین کو ایک ماہ کا راشن مہیا کرتی ہیں۔ ان کے تمام کاموں میں ان کے ڈاکٹر شوہر ایم کے سریواستو کا بھرپور تعاون ہوتا ہے۔