پریاگ راج: سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور ان کے چھوٹے بھائی خالد عظیم عرف اشرف کو گجرات کی سابرمتی جیل اور بریلی کی ڈسٹرکٹ جیل سے لایا جا چکا ہے۔ انہیں پریاگ راج کی نینی سینٹرل جیل میں رکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے جیل میں سکیورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ سابق رکن پارلیمنٹ کو ہائی سکیورٹی بیرک میں رکھا گیا ہے جس میں پہلے ان کے بیٹے علی کو رکھا گیا تھا۔
نینی سینٹرل جیل کے اندر خواتین کی بیرک کے قریب ایک نئی بیرک بنائی گئی ہے۔ نئی بیرک ابھی تک خالی تھی، اسی لیے اس نئی بیرک میں بھی سیکورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ نئی بیرکوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جسم پر لگائےہوئے کیمروں والے سیکورٹی اہلکار وہاں تعینات کیے جا رہے ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق عتیق احمد اور ان کے چھوٹے بھائی خالد عظیم عرف اشرف کو ہائی سکیورٹی سیل میں آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ خالد عظیم عرف اشرف کو بھی جیل کی ہائی سکیورٹی بیرک میں رکھا جائے گا۔ اس بیرک میں 24 گھنٹے نگرانی کے لیے چاق و چوبند انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق جیل کی جس سیل میں عتیق احمد کو رکھا گیا ہے اس کی نگرانی بھی لکھنؤ میں بیٹھے افسران کریں گے۔ جیل کے گیٹ سے لے کر بیرک تک سکیورٹی کا نظام سخت کر دیا گیا ہے۔