ریاست اترپردیش کے رامپور ضلع میں جمعتہ الوداع کا اہتمام حکومتی گائڈلائنس پر مکمل عمل کرتے ہوئے کیا گیا۔ رامپور کے جامع مسجد سمیت ضلع کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں بہت کم نمازیوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ جامع مسجد میں نائب امام مولانا حسیب احمد نے جمعتہ الوداع کے نماز جمعہ کی امامت کی۔
رمضان المبارک کا آج آخری جمعہ تھا جس کو جمعۃ الوداع بھی کہا جاتا ہے۔ رامپور میں جمعتہ الوداع کا اہتمام خصوصی طور پر بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ لیکن گذشتہ برس سے کورونا وبا کی وجہ سے نماز جمعتہ الوداع کا روح پرور منظر بس ایک خواب سا بن کر رہ گیا ہے۔ اس مرتبہ بھی جامع مسجد سمیت تمام چھوٹی بڑی مساجد میں بہت کم تعداد میں لوگ مساجد میں نماز ادا کر سکے۔
شہر میں آج خصوصی طور پر نماز جمعہ کے وقت غیر معمولی پولیس فورس تعینات نظر آئی۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے چالان کٹے اور جرمانہ بھی وصولہ کیا گیا۔ کیمرے کے سامنے آئے بغیر لوگوں نے پولیس کے اس رویہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔