وارانسی: گیانواپی کمپلیکس کا اے ایس آئی سروے 2 نومبر کو مکمل ہو گیا تھا، لیکن سروے کی اس رپورٹ کو پیش کرنے کو لے کر اب بھی تذبذب برقرار ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی ٹیم بار بار عدالت سے یہ کہتے ہوئے تاریخ بڑھانے کی اپیل کر رہی ہے کہ رپورٹ تیار نہیں ہے۔ اے ایس آئی ٹیم کو کل ہی رپورٹ پیش کرنی تھی لیکن تکنیکی طور پر رپورٹ میں کئی اپ ڈیٹس کا حوالہ دیتے ہوئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے وکیل نے عدالت سے 3 ہفتے کا اضافی وقت طلب کیا ہے جس پر سماعت نہیں ہو سکی۔
عدالت میں آج اس معاملے کی سماعت ہوگی۔ اس سے پہلے 17 نومبر کو عدالت نے گیانواپی سروے کی رپورٹ سیل بند لفافے میں سونپنے کا حکم دیا تھا، لیکن اے ایس آئی ٹیم نے ایک دن پہلے ایک درخواست دی تھی اور 15 دن کا اضافی وقت طلب کیا تھا۔ اس رپورٹ کے علاوہ عدالت نے اے ایس آئی کی جانب سے 17 نومبر کو تاریخ میں توسیع کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 15 کے بجائے 10 دن کا وقت دیا تھا اور 28 نومبر تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس وقت اے ایس آئی کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ رپورٹ تیار ہے، صرف تکنیکی پہلوؤں اور ریڈار سسٹم کے استعمال کے بعد رپورٹ تیار کرنے میں وقت لگ رہا ہے۔