علی گڑھ: ریاست اتر پردیش میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے زیراہتمام چلنے والے رورل ہیلتھ ٹریننگ سنٹر (آر ایچ ٹی سی) نے 'ماہواری صحت یوم' کے موقع پر صحت بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔ 'ماہواری کو 2030 ء تک زندگی کی ایک عام حقیقت بنانے' کے موضوع پر اس صحت بیداری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بیداری کیمپ ضلع علی گڑھ کے جواں علاقے میں منعقد کیا گیا۔
صحت بیداری کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر عظمیٰ ارم (میڈیکل آفیسر، آر ایچ ٹی سی) نے ماہواری میں صفائی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس سلسلے میں رائج توہمات کو ترک کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹری نیپکن کے بجائے غیر صحت مند کپڑوں کو استعمال کرنا مناسب نہیں ہے۔ اس سے انفیکشن ہوسکتا ہے۔
اس موقع پر اے ایم یو میں پوسٹ گریجویٹ کی طالبہ ڈاکٹر ہرپریہ نے ماہواری میں صفائی کو برقرار رکھنے اور سینیٹری پیڈ کو تبدیل کرنے کے طریقے کے بارے میں گفتگو کی۔ کیمپ میں شرکت کرنے والی بالغ لڑکیوں اور خواتین میں آئرن کی گولیاں اور سینیٹری نیپکن بھی تقسیم کئے گئے۔ اربن ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (یو ایچ ٹی سی) پر منعقدہ پروگرام میں ڈاکٹر چیلسی نے ماہواری کے سلسلہ میں کمزور طبقات کی خواتین میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا، جب کہ ڈاکٹر کارتیکا نے ایام حیض میں ماحول دوست سینیٹری نیپکن استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔