ریاست اترپردیش کے شہر بنارس میں نئی سڑک کے بنیا باغ علاقے میں واقع حضرت عبدالرحیم شاہ علیہ الرحمہؒ کا 94 واں عرس پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جہاں عقیدتمندوں نے اپنی عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔
بنارس: حضرت عبدالرحیم شاہ کا تین روزہ عرس اختتام پذیر عرس کا سلسلہ تین دن تک جاری رہا۔ اس دوران مختلف پروگرام منعقد کئے گئے، جس میں محفل سماع، نعت و منقبت، فاتحہ خوانی، قران خوانی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
کورونا وائرس کا اثر عرس پر بھی نظر آیا۔ ہر برس جہاں دور دراز علاقوں سے عقیدت مند عبدالرحیم شاہؒ کے مزار پر حاضر ہوتے تھے وہیں رواں برس دور دراز علاقوں سے عقیدت مند حاضر نہ ہوسکے تاہم علاقائی لوگوں نے اپنی عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر عرس میں سماجی فاصلہ، ماسک، اور سینیٹائزر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
سجادہ نشین محمد سیف رحیمی نے بتایا کہ حضرت عبدالرحیم شاہؒ کی کرامات عوام و خواص کے مابین مقبول ہیں۔ حضرت منکسرالمزاج، صوم و صلوۃ کے پابند تھے۔